(روزنامہ جرأت)شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابق اداکارہ نور بخاری نے اپنے سابق شوہر عون چوہدری سے دوبارہ شادی کرنے اور زندگی میں پیش آنے والے نشیب و فراز سے سیکھے گئے سبق کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔حالیہ انٹرویو میں نور بخاری نے بتایا کہ عون چوہدری سے دوبارہ شادی کرنا ان کی منصوبہ بندی کا حصہ نہیں تھا بلکہ وہ اسے اللہ کی جانب سے لکھا گیا مقدر سمجھتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شاید محبت باقی تھی جس کی وجہ سے وقت گزارنے کے بعد وہ دوبارہ ایک دوسرے کے قریب آگئے۔
نور بخاری نے کہا کہ ’’عون چوہدری سے میری ایک بیٹی بھی تھی، جس نے دونوں کو دوبارہ قریب لانے میں کردار ادا کیا۔ شوبز چھوڑنے کے بعد حالات نے ایسا رخ اختیار کیا کہ ہم دونوں دوبارہ ساتھ آگئے اور اب ہم چار بچوں کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔‘‘انہوں نے اپنی زندگی کے مشکل تجربات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’چار مرتبہ طلاق اور متعدد اتار چڑھاؤ سے گزرنے کے بعد میں نے یہ سیکھا کہ اللہ ہی وہ ذات ہے جو انسان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی۔ میں ماضی میں الجھنے کے بجائے ہمیشہ آگے بڑھنے اور اپنی موجودہ زندگی پر توجہ دینے کی کوشش کرتی ہوں۔‘‘
نور بخاری کا کہنا تھا کہ ’’دوسرا شخص بچے کا حقیقی والد نہیں بن سکتا، اس لیے اگر حالات اجازت دیں تو سابق شوہر سے صلح اور دوبارہ ساتھ رہنے کے امکان پر غور کرنا چاہیے۔‘‘




