jia bachan and amitabh bachan

امیتابھ کو پہلی بار دیکھا تو خطرہ محسوس کیا تھا: جیا بچن کا انکشاف

(روزنامہ جرأت)سیاستدان و بالی وڈ کی معروف اداکارہ جیا بچن نے امیتابھ بچن کے ساتھ اپنے تعلقات کے ابتدائی دنوں کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ جب میں نے پہلی مرتبہ امیتابھ بچن کو دیکھا تو مجھے خطرہ محسوس ہوا تھا۔جیا بچن نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بتایا کہ امیتابھ ابتدائی دنوں میں کم گو اور حد سے زیادہ حساس طبیعت کے مالک تھے جس کے باعث انہیں سمجھنا آسان نہیں تھا۔جیا بچن کے مطابق میں نے امیتابھ کو پہلی مرتبہ پونے کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا میں تعلیم کے دوران دیکھا تھا، بعد ازاں ہم دونوں کی ملاقات فلم ساز ہری کیش مکھرجی کی فلم ’گڈی‘ کے سلسلے میں ہوئی جس میں شروع میں میرے ساتھ امیتابھ بچن کو بھی کاسٹ کیا گیا تھا تاہم بعد میں انہیں فلم سے الگ کردیا گیا۔
جیا بچن نے بتایا کہ امیتابھ کی لوگوں کو مسلسل گھورنے کی عادت مجھے عجیب محسوس ہوتی تھی، میں سوچتی تھی کہ یہ شخص کتنا عجیب ہے اور لوگوں کو اس طرح کیسے دیکھ سکتا ہے، بعد میں مجھے احساس ہوا کہ امیتابھ جان بوجھ کر ایسا نہیں کرتے تھے بلکہ انہیں اندازہ ہی نہیں ہوتا تھا کہ ان کا انداز دوسروں پر کیا اثر ڈالتا ہے۔اداکارہ نے گفتگو میں مزید بتایا کہ امیتابھ وہ واحد شخص تھے جو میرے فیصلوں پر اثر انداز ہوسکتے تھے اور میں خود بھی ان کی بات ماننے پر آمادہ ہو جاتی تھی، امیتابھ مجھے براہِ راست کوئی حکم نہیں دیتے تھے لیکن اگر وہ نرمی سے بھی کوئی بات کہتے تو میں اس پر عمل کرتی کیونکہ میں انہیں خوش رکھنا چاہتی تھی۔جیا بچن نے امیتابھ کو ایک مشکل دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ امیتابھ نے کبھی باقاعدہ طور پر مجھے شادی کی پیشکش نہیں کی جس کے باعث میں طویل عرصے تک ان کے جذبات کے بارے میں غیر یقینی کا شکار رہی۔ان کا کہنا تھاکہ امیتابھ بچن ایک مرتبہ میری گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے ممبئی سے پونے تک 5 گھنٹے گاڑی چلا کر آئے جس سے میں بے حد متاثر ہوئی، وہ مجھے اکثر کانجی ورم کی ساڑھیاں بھی تحفے میں دیتے تھے کیونکہ ان کا خیال تھا کہ یہ مجھ پر اچھی لگتی ہیں۔خیال رہے کہ جیا بچن اور امیتابھ بچن کی شادی 1973 میں ہوئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں