(روزنامہ جرأت)معروف پاکستانی اداکار فیصل قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستانی مواد کو نیٹ فلکس پر رسائی ملے۔حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں فیصل قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ دو وجوہات کی وجہ سے پاکستانی مواد نیٹ فلکس پر شو نہیں ہو پاتا، ایک یہ کہ بھارتی ناظرین بالکل نہیں چاہتے کہ پاکستانی مواد کو یہ موقع ملے جبکہ دوسری وجہ یہ ہے کہ پاکستان میں نیٹ فلکس کا محدود بزنس ہے۔ دوسری بات یہ کہ ہم خود بھی پوری سچائی نہیں دکھاتے جبکہ نیٹ فلکس چاہتا ہے کہ ہر ملک اپنی حقیقت، مسائل اور معاشرے کا تاریک پہلو بھی سامنے لائے‘۔
فیصل قریشی نے مزید کہا کہ ’پاکستان میں ہر چیز کھل کر دکھانا آسان نہیں کیونکہ اگر کوئی فلم ساز ملک کی اصل تصویر پیش کرے تو بعد میں اس کے لیے پاکستان میں رہنا بھی مشکل ہو سکتا ہے۔‘انہوں نے نیٹ فلکس کی پاکستان میں محدود آمدنی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ “زیادہ تر پاکستانی اپنی ذاتی نیٹ فلکس سبسکرپشن نہیں خریدتے بلکہ دوستوں یا بیرونِ ملک رہنے والے رشتہ داروں کے اکاؤنٹس استعمال کرتے ہیں۔اس وجہ سے نیٹ فلکس کو پاکستان سے وہ آمدنی نہیں ملتی جو بھارت سے حاصل ہوتی ہے جہاں مارکیٹ بہت زیادہ بڑی ہے۔ فیصل قریشی نے کہا کہ پاکستان میں تو نئی فلم ریلیز ہونے پر سب سے پہلا سوال یہی کیا جاتا ہے کہ یہ یوٹیوب پر کب آئے گی؟۔




