(روزنامہ جرأت)بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے مداحوں کیلئے بری خبر سامنے آگئی۔شاہ رخ خان کے مداحوں کے لیے 2 نومبر کا دن کسی تہوار سے کم نہیں ہوتا کیوں کہ 2 نومبر کو ان کی سالگرہ کے روز بڑی تعداد میں ان کے مداح اس امید پر ممبئی میں واقع شاہ رخ کے گھر ‘منت’ کے باہر جمع ہوتے ہیں تاکہ ان کی ایک جھلک دیکھ سکیں۔
یا پھر گزشتہ2 برسوں کی طرح ممبئی کے ‘بال گندھرو رنگ مندر ‘ میں شاہ رخ کی منعقدہ تقریب میں شرکت کرکے ان سے ملاقات کرسکیں، اس تقریب میں مداحوں کی بڑی تعداد کو اپنے سپر اسٹار کے ساتھ وقت گزارنے، ان سے سوالات پوچھنے اور انہیں سننے کا موقع ملتا ہے تاہم میڈیا کو اس تقریب میں داخلے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
اس بار جب شاہ رخ خان 2 نومبر کو 61 برس کے ہونے جارہے ہیں تو امکان ہے کہ ان کے مداحوں کو یہ خوشی نہ مل سکے۔بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کا ان کی سالگرہ کے موقع پر ہر سال 2 نومبر کو ممبئی میں منعقد کیا جانیوالا روایتی سالانہ ’ میٹ اینڈ گریٹ ‘ رواں برس منسوخ کردیا گیا ہے۔
کیونکہ شاہ رخ اس وقت اپنی آنے والی فلم ‘کنگ’ (King) کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اپنی سالگرہ کے روز بھی لندن میں ہی ہوں گے جہاں اس دن ان کی فلم ‘کنگ’ کے ایک گانے کی شوٹنگ شیڈول ہے۔
سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘کنگ’ میں شاہ رخ خان، دیپیکا پڈوکون، سہانا خان، ابھیشیک بچن اور انیل کپور سمیت کئی نامور نام شامل ہیں جب کہ یہ فلم 24 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔




