(روزنامہ جرأت)بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے صاحبزادے آریان خان ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، تاہم اس بار کسی فلم یا ہدایت کاری کی وجہ سے نہیں بلکہ ایک شادی کی تقریب میں اپنے منفرد اور مزاحیہ انداز کے باعث ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔یہ واقعہ ایک دوست کی شادی کے دوران پیش آیا جہاں آریان خان نے شادی کی روایتی رسم ’جوتا چُرائی‘ کو اس قدر سنجیدہ اور دلچسپ بنا دیا کہ دیکھنے والے اسے ’’منی وار‘‘ قرار دینے لگے۔شادی کے آرگنائزرز کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں آریان کو دلہے کے جوتے کے ساتھ ہر ممکن طریقے سے ڈٹے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، حتیٰ کہ وہ توازن کھونے کے قریب پہنچ جاتے ہیں مگر جوتا کسی کے حوالے نہیں کرتے۔
ویڈیو میں آریان کا انداز بھی نمایاں ہے، وہ جینز، ٹی شرٹ اور براؤن جیکٹ میں نظر آتے ہیں اور پورے اعتماد کے ساتھ جوتا تھامے گھومتے دکھائی دیتے ہیں۔ دلہن والوں کی جانب سے جوتا چھیننے کی مسلسل کوششیں بھی جاری رہتی ہیں، مگر آریان ہر بار اسے بچا لیتے ہیں اور ایک موقع پر تقریباً گرنے کے باوجود بھی جوتا نہیں چھوڑتے۔
ویڈیو کے کیپشن میں آرگنائزرز نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ جب دلہے کا بہترین دوست بالی ووڈ کا ’BA****S‘ ہو تو جوتا چُرائی صرف رسم نہیں رہتی بلکہ مکمل دھماکا بن جاتی ہے۔ ویڈیو میں یہ بھی لکھا گیا کہ ’’جوتا چُرائی چھوٹی سی جنگ میں بدل گئی‘‘۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی اور صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’’یہ ہو کیا رہا ہے؟‘‘ جبکہ ایک اور نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ پہلے لگا کوئی بڑا جھگڑا ہوگیا ہے۔ کئی مداحوں نے آریان کے مزاحیہ اور پرجوش انداز کو خوب سراہا۔
واضح رہے کہ جوتا چُرائی جنوبی ایشیائی شادیوں کی ایک روایتی رسم ہے جس میں دلہن والے دلہے کے جوتے چھپا لیتے ہیں اور دلہا انہیں واپس لینے کے لیے رقم یا تحائف دیتا ہے۔
آریان خان کی پیشہ ورانہ زندگی کی بات کی جائے تو وہ حال ہی میں ایک ویب سیریز کی ہدایت کاری کے ذریعے ڈیبیو کر چکے ہیں اور اب اپنی اگلی پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں، تاہم اس شادی کے وائرل لمحے نے انہیں ایک بار پھر سوشل میڈیا کا مرکز بنا دیا ہے۔




