reemakhan

معروف پاکستانی اداکارہ کو تھپڑ کیوں مارا؟ریما خان کاانکشاف

(روزنامہ جرأت)نامور اداکارہ ریما خان نے معروف پاکستانی اداکارہ کو تھپڑ مارنے کا اعتراف کرلیا۔ ریما خان ایک معروف پاکستانی اداکارہ، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ہیں، وہ پاکستان کی مقبول ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی تھیں اور اپنی خوبصورتی اور اسٹارڈم کی وجہ سے بے حد پسند کی جاتی تھیں۔ریما خان نے اپنے کیریئر کا آغاز فلم “بلندی” سے کیا اور شہرت حاصل کی۔ ان کی دیگر نمایاں فلموں میں “کوئی تجھ سا کہاں”، “زمین آسمان”، “جو ڈر گیا وہ مر گیا”، “چور مچائے شور”، “ہاتھی میرے ساتھی” اور “نکاح” شامل ہیں۔مداحوں نے ریما کی جوڑی سعود، شان شاہد اور بابرعلی کے ساتھ بہت پسند کی۔ ریما خان اب ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کے بعد امریکا میں مقیم ہیں۔
حال ہی میں ریما خان نے ایک پوڈکاسٹ میں نظر آئیں، جس میں انہوں نے اپنی فلم “مس استنبول” کی ایک ساتھی اداکارہ کو تھپڑ مارنے کا اعتراف کیا۔
واقعے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ریما خان نے کہا کہ میں ایک انٹروورٹ تھی اور صرف اپنے کام پر توجہ دیتی تھی، میں لڑائی جھگڑا کرنے والی نہیں تھی، لیکن ظاہر ہے جب آپ کی عمر 18 سے 25 سال کے درمیان ہو تو آپ آسانی سے مشتعل ہو سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب ایک اداکارہ ساتھی نے میرے ساتھ بدتمیزی کی تو میں خود پر قابو نہ رکھ سکی اور اسے تھپڑ مار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں ایسی انسان ہوں جو گالی گلوچ نہیں کرتی، ہم اسلام آباد میں میڈم شمیم آراء کی فلم ‘مس استنبول’ کی شوٹنگ کر رہے تھے، وہاں بہت لوگ موجود تھے، اس دوران ساتھی اداکارہ نے دو بار میرے ساتھ بدزبانی کی، مجھے نہیں معلوم کیا ہوا، میں نے سب کے سامنے اسے تھپڑ مار دیا۔
ریما نے بتایا کہ وہ ایک مشہور پاکستانی اداکارہ ہے اور آج بھی انڈسٹری میں کام کر رہی ہے، میں اس کا نام نہیں لوں گی لیکن مجھے اس پر افسوس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب میں سوچتی ہوں کہ مجھے خود پر قابو رکھنا چاہیے تھا، میں دل سے اس کے لیے دعا کرتی ہوں، مجھے آج بھی اپنے اس عمل پر ندامت ہے، کاش میں خود کو روک لیتی۔ بعض اوقات بدلہ اللہ پر چھوڑ دینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نمبر ون اور نمبر ٹو اداکارہ کی بحث اداکاراؤں نے نہیں بلکہ صحافیوں نے شروع کی تھی۔یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ ریما خان کی فلم “مس استنبول” میں ان کی ساتھی اداکارہ کوئی اور نہیں بلکہ میرا تھیں، جن کے ساتھ ماضی میں ان کی شدید رقابت بھی رہی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں